اسلام آباد:ایف آئی اے نے عمران خان کے قریبی ساتھی اور سینیٹر سیف اللہ نیازی اور پی ٹی آئی کے بانی رکن حامد زمان کو گرفتار کر لیا ۔
سیف اللہ نیازی کو ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے گرفتار کیا گیا ہے، سینیٹر سیف اللہ نیازی پر نامنظور ویب سائٹ چلانے کا الزام ہے، نامنظور ویب سائٹ غیر قانونی فنڈ ریزنگ کے لیے استعمال کی جاتی تھی۔
ایف آئی اے سائبر کرائم اس سے قبل سنیٹر سیف اللہ نیازی کے گھر ریڈ کر چکی ہے، سائبر کرائم کی جانب سے سیف اللہ نیازی کا لیپ ٹاپ اور موبائل فون قبضہ میں لیا گیا تھا۔
دوسری جانب فارن فنڈنگ کیس کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی ممبر حامد زمان اور سینیٹر سیف اللہ نیازی کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے لاہور کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے حامد زمان کو لاہور میں وارث روڈ پر واقع ان کے دفتر سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ انصاف ٹرسٹ کے اکائونٹ میں 2013 میں6 لاکھ 25 ہزار ڈالر آئے، انصاف ٹرسٹ قواعد وضوابط پر پورا نہیں اترتا تھا، حامد زمان انصاف ٹرسٹ کے سیکرٹری تھے۔
فواد چو ہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ سینیٹ کے احاطے سے سینیٹر کو اٹھا لیا گیا؟ ملک میں اتنی بڑی فسطائیت کبھی نازل نہیں ہوئی، چیئرمین سینیٹ سینیٹر سے متعلق عمل کا نوٹس لیں۔
رہنما تحریک انصاف شہباز گل نے لکھا کہ سینیٹر سیف نیازی کی سینیٹ کے احاطہ سے گرفتاری اس حکومت کی ایک اور سفاکانہ حرکت ہے۔ یہ بات ایک بار پھر یہ ثابت کر رہی ہے کہ اس حکومت کے دن پورے ہو چکے اور ان کے پاس سوائے اپنے سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالنے کے اور کوئی بیانیہ نہیں رہ گیا۔
