کراچی:قائد حزب اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ پوری قوم انقلاب کے لئے تیار ہے۔
قائد حزب اختلاف سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے اینٹی انکروچمنٹ کورٹ میں پیشی کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں جس کا ثبوت ہمارے کپتان نے بھی دیا ہے، عمران خان خود چل کر جج کے پاس معذرت کرنے گئے۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ مجھ پر جو دو کیس کئے گئے ہیں اس کا نہ سر ہے نہ پیر ہے، یہ لوگ مجھے دبانا چاہتے تھے خاموش کرانا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ ہوگیا ہے آج سندھ ڈوبا ہوا ہے، بیماریاں پھیل رہی ہیں لوگ مر رہے ہیں، بلاول کی سندھ میں ناکام حکومت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل بھی 150 ارب روپے جرمنی نے دیئے، یہ پیسے آرہے ہیں جا کہاں رہے ہیں، 119 جہاز امداد کے آئے کسی نے نہیں دیکھا سامان کہاں گیا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ جوڑ توڑ کر کل عمران خان صاحب کی آڈیو بنائی گئی ، قوم سمجھ چکی ہے جھوٹی آڈیو بنانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم انقلاب کے لئے تیار ہے، حقیقی آزادی مارچ میں سندھ سے بڑی تعداد میں شمولیت ہوگی۔
