English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

نبی کریم ؐ کی زندگی کا مشن اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنا تھا، حافظ نعیم الرحمن

القمر

کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ ہم سب کے لیے قابل تقلید اور بہترین نمونہ ہے۔ نبوت ملتے ہی کارنبوت پر استقامت سے ڈٹے رہے اور اسلام کے نفاذ کے لیے طویل جدوجہد کی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے طویل اور ان تھک محنت کے بعد اسلامی ریاست قائم کی اور پوری دنیا میں اسلام کا بول بالا کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مشن یہی تھا کہ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں بھی اپنی زندگی کو اس کے مطابق ڈھالنا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ  صرف چند ظاہری چیزوں پر عمل کرلینا اسلام نہیں ہے۔اسلام ایک مکمل نظام حیات، ریاست اور بالادستی کا نام ہے۔ چھوٹی چھوٹی چیزوں اور جزویات میں اسلام کو تقسیم نہیں کیاجاسکتا۔انہوں نے کہا کہ آئے روز شہر میں اسٹریٹ کرائمز کی وارداتیں ہورہی ہیں۔ دن دیہاڑے شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے اور مزاحمت پر ان کا قتل کردیا جاتا ہے۔ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، عوام پریشان حال ہیں۔ ہمیں ایسے نظام کی ضرورت ہے جس میں عوام کی جان و مال محفوظ ہو۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کے کہنے پر ایف اے ٹی ایف قوانین اور ٹرانس جینڈر بل پاس کرنا ہو تو حکومت اور اپوزیشن سب ایک ہوجاتے ہیں۔ آئی ایم ایف کی غلامی میں تمام حکومتی جماعتیں ایک ہیں۔ ہمارے حکمران عوام کے بجائے امریکہ اور یورپ کی طرف دیکھتے ہیں۔75 سال سے ملک پر بااثر طبقات کاحکمران ٹولہ مسلط ہے۔ آج تک کوئی بھی ایسا حکمران نہیں آیا جس نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کیا ہو۔

انہوں نے کہا کہ   عوام حق اور سچ کا ساتھ دیں اور جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائیں۔ عوام نے جب بھی جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، جماعت اسلامی نے بھرپور خدمت کی اور دین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کی۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے،طوفان، زلزلہ، سیلاب  ہر موقع پر جماعت اسلامی اور الخدمت کے رضا کار وں سب سے آگے بڑھ کر ریلیف کا کام کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے