کراچی: ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم میں اپنی واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ میری سیاسی بصیرت کہہ رہی ہے کہ میری ایم کیو ایم میں واپسی کے امکانات پہلے سے زیادہ روشن ہوگئے ہیں۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو چھوڑ کر ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی اور زرداری سے معاہدہ کیا جسے لوگوں نے پسند نہیں کیا اور اس معاہدے سے ووٹ بینک متاثر ہوا، وزارتیں، اقتدار میں آنا اور گورنر شپ یہ ہمارے اہداف نہیں ہونے چائییں۔
منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں نے خود کو ایم کیو ایم سے کبھی الگ نہیں سمجھا، اس وقت ایم کیو ایم کے ٹائی ٹینک کو بچانے کی ضرورت ہے، اب وہ موقع آگیا ہے اور کارکنوں تک پیغام چلا گیا ہے کہ اب رابطہ کمیٹی کے پاس کوئی جواز نہیں بچتا کہ مجھے اور ایم کیو ایم کو ایک دوسرے سے دور رکھا جائے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں واپسی کیلیے میری نہ کوئی شرط ہے اور نہ ہی کنونئیر شپ کا جھگڑا، میں خالد مقبول کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں جیسے این اے 245کے الیکشن کے موقع پر 3 بار بیٹھے، یہ وہ وقت ہے کہ جب مجھے اور خالد مقبول کو مل کر ایک مضبوط بیانیہ بنانا ہوگا۔
