لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی وسیکریٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاست پہلے ہی بڑے بحران سے دوچار ہے، ایسے میں وزیر آباد کا واقعہ حالات کو مزید تباہی کی طرف لے جائے گا۔
جماعت اسلامی کے مرکزی رہنماؤں ثاقب اکبر، علامہ عارف واحدی، پیر صفدر گیلانی، رضیت باللہ، پیر عبدالشکور نقشبندی، سید ناصر شیرازی، مفتی گلزار نعیمی اور حافظ عبدالغفار روپڑی کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں عمران خان اور لانگ مارچ کے شرکاء و قائدین پر حملہ فائرنگ کی شدید مذمت کی اور عمران خان کی صحت یابی کے لیے دُعا کرتے ہوئے کہا کہ سیاست پہلے ہی بڑے بحران سے دوچار ہے، وزیرآباد کا واقعہ حالات کو مزید تباہی کی طرف لے جائے گا۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سیاست میں انتہاپسندی اور شدت میں سب کا نقصان ہوتا ہے۔ افواہوں کے فسادی زمانہ میں وزیرآباد واقعہ فکری انتشار کا ذریعہ بنے گا۔ لانگ مارچ کے تحفظ کی ذمہ داری پنجاب حکومت اور پولیس کی ہے، واقعہ کی فوری اور ترجیحی بنیاد پر مکمل غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں۔ وفاق اور پنجاب کے تحقیقاتی، تفتیشی اداروں کی مشترکہ جے آئی ٹی بنائی جائے اور حقیقتِ حال سے پوری قوم کو آگاہ کیا جائے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے لانگ مارچ پر فائرنگ، پی ٹی آئی قائدین اور کارکنان کا زخمی ہونا بڑا خوفناک، المناک اور خطرناک ہے۔ اللہ تعالیٰ نے عمران خان کی زندگی کو محفوظ رکھا، یہ حملہ عملاً جمہوریت، پارلیمانی نظام اور ریاستی نظام پر حملہ ہے۔ پنجاب حکومت قوم کے سامنے جوابدہ ہے۔ وفاق اور صوبوں میں سیاسی کشمکش نے سرکاری، قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بے یقینی کے ساتھ مفلوج کردیا ہے۔
