کراچی: امیر جماعت اسلامی سندھ سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ حکمرانوں نے اپنی مفاد پرستانہ پالواحمں سے ملک و قوم کو غلام بنا دیا ہے۔سندھ واحد صوبہ ہے کہ جس کی اسمبلی سے پاکستان کے حق میں قرارداد منظور ہوئی اس کے محرک سائیں جی ایم سید تھے ان کے اس جرائتمندانہ کردار کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ باب الاسلام ہے وہ وقت دور نہیں جب یہاں قرآن وسنت کا نفاذ ہوگا اور اسلام کا راستہ روکنے والی باطل قوتوں و ان کے گماشتوں کا منہ کالا ہوگا، جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام کا نفاذ اور ملک و قوم کو دیانتدار قاقدت فراہم کرکے پاکستان کو حقیقی معنیٰ میں اسلامی پاکستان بنانا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ایک روشنی کا مینارہے ، جو انسانوں کی دنیا و آخرت اچھی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ایسا لگتا ہے جیسے سندھ میں جنگل کا راج قائم ہے،سندھ میں ہر روز لوگ قتل ،اغوا ہورہے ہیں کراچی تا کشمور عوام کو رہزنوں کے رحم وکرم پر چھوڑدیا گیا ہے،کوئی دن خالی نہیں جاتا جب بدامنی اور رہزنی کا سنگین واقعہ رونما نہ ہوتا ہو۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ گذشتہ دنوں گھوٹکی میں ڈاکوئوں کے ہاتھوں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت کا واقعہ سندھ حکومت کے منہ پر زوردار طمانچہ ہے۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی پاکستان کی واحد سیاسی اور دینی جماعت ہے جس میں موروثیت نہیں ہے ہم اقامت دین کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جبکہ دیگر جماعتیں اپنے مفادات کی جنگ میں مصروف عمل ہیں۔
