پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 137رنز بنائے، پاکستانی باؤلرز نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے ہدف کے دفاع کی بھرپور کوشش کی۔
آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے فانئل میں انگلینڈ نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
اس سے قبل میلبرن میں کھیلے جا رہے میچ میں انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر نے ٹاس جیت کر ابر آلود موسم میں پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کے اوپنرز نے میچ کی ابتدائی گیند نوبال ہونے کے باوجود اوپنرز نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا۔

ابتدائی تین اوورز میں 16 رنز کے بعد تیسرے اوور میں اوپنرز نے نسبتاً تیز اسکور کیا اور کرس ووکس کے اوور میں 12 رنز بٹورے۔
اوپنرز نے پاکستان کو 29رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی اسکور پر محمد رضوان وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے اور سیم کرن کا شکار بن گئے۔
شان مسعود اور بابراعطم نے مل کر اسکور کو 84 تک پہنچایا لیکن اسی اسکور عادل رشید کی گیند پر بابر اعظم انہی کو کیچ دے کر چلتے بنے، انہوں نے 28 گیندوں پر 32 رنز بنائے۔
عادل رشید نے وکٹ میڈن اوور کرایا اور ابھی پاکستانی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں افتخار بھی چھ گیندوں پر بغیر کوئی رن بنائے بین اسٹوکس کی وکٹ بن گئے۔
شاداب خان اور شان مسعود نے پانچویں وکٹ کے لیے 36 رنزجوڑے لیکن شان ایک بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں لیام لیونگسٹن کو آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 27 گیندوں میں 38 رنز بنائے۔
پاکستان کو ایک اور بڑا نقصان اس وقت ہوا جب شاداب بھی 20 رنز بنانے کے بعد کرس جورڈن کا شکار بنے۔
نواز کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ بھی صرف 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ محمد وسیم نے 8 گیندوں پر 4 رنز بنائے۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137رنز بنائے۔
انگلینڈ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے ایلکس ہیلز کی وکٹیں بکھیر دیں۔
نسیم شاہ اگلے اوور میں درست لینتھ پر باؤلنگ نہ کر سکے اور ان کے پہلے ہی اوور میں تین چوکوں سمیت 14 رنز بنے۔
7 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد فل سالٹ اور جوز بٹلر نے اسکور کو 28 رنز تک پہنچایا لیکن اسی اسکور پر حارث رؤف کی گیند پر فل سالٹ پویلین لوٹ گئے۔
جوز بٹلر کئی بار باہر جاتی ہوئی گیند پر آؤٹ ہونے سے بچے لیکن پھر حارث رؤف کی گیند پر اسی طرح سے اپنی وکٹ گنوا بیٹھے تاہم آؤٹ ہونے سے قبل انہوں نے 26 رنز بنائے۔
تین وکٹیں گرنے کے بعد اسٹوکس کا ساتھ دینے ہیری بروکس آئے اور دونوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھانا شروع کیا۔
دونوں کھلاڑیوں نے اسکور کو مل کر 84 تک پہنچایا لیکن شاداب کی گیند کو باؤنڈری کے پار پہنچانے کی کوشش میں ہیری بروک شاداب خان کو وکٹ دے بیٹھے۔
میچ 15ویں اوور میں سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو گیا تھا کیونکہ انگلینڈ کو آخری پانچ اوورز میں فتح کے لیے 41رنز درکار تھے۔
تاہم گرین شرٹس کو اس وقت دھچکا جب شاہین شاہ انجری کا شکار ہوکر اپنا ادھورا چھوڑ کر ڈگ آؤٹ کی جانب واپس لوٹ گئے۔
اس خلا کا انگلینڈ نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور باآسانی پانچ وکٹ کے نقصان پر ہدف تک رسائی حاصل کر کے دوسری مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ٹی20 ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان اورانگلینڈ فائنل میں آج مدمقابل ہیں جہاں قومی ٹیم اسٹار بلے باز بابراعظم کی قیادت میں 1992 کے ورلڈ کپ کی تاریخ دہرانے کا عزم لیے آسٹریلیا کے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں اتر رہی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کا فائنل اب سے کچھ دیر بعد شروع ہوگا جب کہ بڑے مقابلے سے قبل گراؤنڈ میں محفل موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا۔
ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا انگلش کپتان جوز بٹلر نے کہا کہ پچ اچھی لگ رہی ہے، ٹیم پر اعتماد ہے، موسم کی صورتحال دیکھتے ہوئے پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا، اچھے مقابلے کی امید ہے۔
پاکستانی کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹاس جیت کر ہم بھی باؤلنگ کا ہی فیصلہ کرتے لیکن ٹاس ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، کوشش کریں گے کہ اچھا ہدف دیں اور انگلش ٹیم کو دباؤ میں لائیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ ٹیم اچھے ردھم میں ہے، کوشش کریں گے کہ اسی فارم کو برقرار رکھیں، ابتدائی میچز ہارنے کے بعد ٹیم نے زبردست کم بیک کیا جس سے اعتماد بحال کیا، کوشش کریں گے کہ 1992 کی تاریخ کو دہرائیں اور ٹرافی جیتیں۔
دونوں ٹیمیں تیسری مرتبہ ٹی20 ورلڈ کپ کا فائنل جیت چکی ہیں اور ایک ایک مرتبہ عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز رکھتی ہیں۔
پاکستان نے 2009 میں سری لنکا کو شکست دے کر ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ انگلینڈ نے 2009 میں آسٹریلیا کو مات دے کر ٹرافی اپنے نام کی تھی۔
میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں۔
انگلینڈ: جوز بٹلر (کپتان)، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگسٹن، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جورڈن، عادل رشید۔
پاکستان: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان، محمد حارث، افتخار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور نسیم شاہ۔
منبع: ڈان نیوز
The post پاکستان کو شکست دے کر انگلینڈ ٹی20 ورلڈکپ کا چیمپیئن بن گیا appeared first on شفقنا اردو نیوز.
