کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ اہل کراچی نے تعصبات کی سیاست کو مسترد کردیا‘عوام جماعت اسلامی کا میئر دیکھنا چاہتے ہیں‘اختیارات کا رونا رونے کے بجائے حق چھین لیں گے‘ کام اور خدمت کے ذریعے لوگوں دلوں کو مسخر کریں گے‘گلی محلوں کی سطح پر کمیٹیاں بنا کر مسائل حل کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کراچی چلتا ہے تو پاکستان چلتا ہے، مشکل ترین حالات،بدامنی،لوڈشیڈنگ کے باوجود شہر ملکی معیشت چلا رہا ہے۔سمندر کنارے آباد شہر صاف پانی سے محروم ہے۔ضلع کیماڑی میں آج بھی جو پانی لائنوں کے ذریعے آتا ہے وہ نعمت اللہ خان کی مرہون منت ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کراچی نے تعصبات کی سیاست کو مسترد کردیا ہے۔انکا کوئی نام و نشان نہیں،شہر کی واضح اکثریت جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑی ہے عوام کراچی میں جماعت اسلامی کا مئیر دیکھنا چاہتے ہیں۔جماعت اسلامی کا مئیر کبھی اختیارات کا رونا نہیں روئے گا‘ہم اختیارات چھیننا جانتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں چار سال میں 40سال کا کام کر کے دکھایا ہے، تقسیم کی سیاست اپنی موت مرچکی ہے،اب کسی کو مقابلہ کرنا ہے تو خدمت اور دیانت میں کرکے دکھائے۔جماعت اسلامی نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بھی مثالی کام کیا ہے۔ ریلیف کے بعد اب بحالی کے کام شروع کردیا ہے،تعمیری سیاست کے ذریعے اور خدمت کے ذریعے لوگوں کے دل مسخر کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے علاقوں میں منشیات فروشی کو برداشت نہیں کریں گے،ایس ایس پی اور اس ایچ کو ایک مہینے کا الٹی میٹم دیتے ہیں اگر علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف موثر اور فیصلہ کن کاروائی نہیں کی گئی تو جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل خود کاروائی کرے گی، ہم پٹھان کالونی ، بنارس اور میٹروول میں محلوں کی سطح پر کمیٹیاں بنا رہے ہیں ۔عوام گلی محلے کی سطح پر تعلیم ، صحت اور امن و امان کے لئے ہمارے ساتھ جڑیں،گلی اور محلے کی سطح پر ہم اپنے شہر کی روشنیاں بحال کریں گے۔
