لاہور: پاکستان اسپورٹس بورڈ واسا کا بڑا ڈیفالٹر نکلا، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم بورڈ نے پانی اور سیوریج کا بل سال 1988سے ادا نہیں کیا ہے،واٹر اینڈ سینی ٹیشن ایجنسی(واسا)نے 34سال سے پانی کے بل کی عدم ادائیگی پر پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھاری بھرکم بل بھیج دیا.
واسا نے پنجاب اسپورٹس بورڈ کو واجبات ادائیگی کیلئے آخری وارننگ جاری کردی ہے،واسا کی جانب سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 34سال سے پانی کا بل ادا نہیں کیا جس کی واجب الادا رقم 81لاکھ روپے بنتی ہے،واسا نے مراسلے میں کہا ہے کہ نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کا یوٹیلٹی بل 1988سے واجب الادا ہے، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم کی جانب سے بل ادا کر نے پر رضا مندی ظاہر نہیں کی جارہی ہے.
واسا نے مراسلے میں کہا کہ 2 ٹیوب ویلز اور سیوریج کے بلوں کی ادائیگی کے نوٹسز جاری کیے گئے، زیر زمین پانی واسا کی ملکیت ہے، نیشنل ہاکی اسٹیڈیم سے متعلق کسی ایک بھی نوٹس کا جواب نہیں دیا گیا،واسا نے اسپورٹس بورڈ کو 25نومبر تک ادائیگیوں کی ڈیڈ لائن دے دی اور کہا کہ 25نومبرتک بل ادا نہ کئے گئے تو پانی کا کنکشن کاٹ دیا جائے گا۔
