واشنگٹن: امریکا کے وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے امریکی فوج کی انوینٹری سے یوکرین کو 400ملین ڈالر کا اضافی گولہ بارود اور ساز و سامان فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ امریکا یوکرین کو اپنے دفاع میں مدد دینے کے لیے اضافی فوجی امداد کے ساتھ یوکرین کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، وہ امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے دی گئی اجازت کے مطابق 26ویں بار امریکی انوینٹری سے ہتھیار اور آلات واپس لے لیں گے اور کہا کہ وزارت دفاع کی انوینٹری سے نکالے گئے 400ملین ڈالر کے پیکج میں اضافی ہتھیار ، گولہ بارود اور فضائی دفاع کا سامان شامل ہوگا۔
انٹونی بلنکن نے کہا کہ اس پیکج سے یوکرین کو ملنے والی فوجی امداد کی رقم تقریبا 19.7بلین ڈالر تک پہنچ جائے گی، آرٹلری گولہ بارود ، فضائی دفاعی میزائل اور ٹیکٹیکل گاڑیاں، میدان جنگ میں یوکرین کو فائدہ پہنچائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ فرانس اور برطانیہ بھی ہماری کوششوں میں حصہ لے رہے ہیں، 50ملین پاﺅنڈ کا فضائی دفاعی نظام جو برطانوی وزیر اعظم رشی سنک نے اپنے آخری دورہ کیف کے دوران پیش کیا تھا کے علاوہ سویڈن کا حالیہ فضائی دفاعی عزم تقریبا 300 ملین امریکی ڈالر کا ہے بھی اس میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم یوکرین کی حمایت جاری رکھیں گے چاہے اس میں کتنا ہی وقت لگے تاکہ وہ اپنا دفاع جاری رکھ سکے اور وقت آنے پر مذاکرات کی میز پر مضبوط ترین پوزیشن میں رہے۔

