English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکمرانوں کی وجہ سے اسلامی نظام سے محروم ہیں، پروفیسر محمد ابرہیم

پشاور:امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابرہیم خان نے کہا ہے کہ غلط لوگوں کو ووٹ کے ذریعے برسرِ اقتدار لانے سے پاکستان مسائل کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے۔ لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور لاقانونیت نااہل لوگوں کی وجہ سے ہیں۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاکہ  جس ملک میں اسلامی نظام نافذ ہونا تھا وہ حکمرانوں کی وجہ سے اس نظام سے محروم ہے،  آئین کی بار بار معطلی اور مارشل لا نے پاکستان کو نقصان پہنچایا۔ جماعت اسلامی کسی خفیہ یا ناجائز طریقے سے نہیں بلکہ انتخابات اور ووٹ کی پرچی کے ذریعے انقلاب پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ  جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی کے دست و بازو بننے کی بجائے اپنے نام، جھنڈے اور نشان ترازو کے ساتھ انتخابی معرکے میں حصہ لیں گے۔ اگلا سال انتخابات کا ہے، کارکنان گھر گھر اور فرد فرد تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں۔

رہنما جماعت اسلامی پاکستان کاکہنا تھا کہ  عوام حکومت الہیہ کے قیام کے لیے ووٹ جماعت اسلامی کو دیں۔ اقتدار میں آ کر اس ملک کی تقدیر بدلیں گے، زندگی کے ہر شعبہ میں قرآن و سنت کا نظام رائج کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر اعلی مناصب پر قابض افراد نے ملک کے اسلامی تشخص کو بدترین نقصان پہنچایا ہے۔

پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہاکہ ایسے لوگوں سے اقتدار اور اختیار چھیننے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آنے والے انتخابات میں درست سمت کو اختیار کریں۔ غلط لوگوں کو ووٹ دیں گے تو اس کا وبال بھی عوام پر ہوگا اور مسائل و مشکلات بھی بڑھیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے