لاہور: پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ زرداری اور بلاول نے بھٹو اور بی بی کی سیاسی میراث کو مزارات ہی میں دفن کردیا ہے۔
لاڑکانہ میں بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ سندھ کے باسی جھولیاں اٹھا کر زرداریوں کے ڈاکو راج سے نجات مانگ رہے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کی کٹھ پتلیوں نے آج بی بی کی برسی کے موقع پر تماشا لگایا۔ زرداری اور ان کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاسی میراث کو ان کے مزارات ہی میں دفن کردیا۔
سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ این آر او ٹو سے استفادے کے لیے زرداری اور اس کے فرزند نے بھٹو اور بی بی کی سیاست سے یکسر لاتعلقی کا اعلان کیا۔وفاق پاکستان کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو اندرون سندھ کی چند بستیوں تک محدود اور مجرموں کی آماج گاہ بنادیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام سیلاب کی آفت کا شکار ہیں جب کہ زرداری کے حواری سندھ کا پیسہ ضمیروں کی منڈیوں میں جھونکتے رہے ہیں۔بھٹو نے ملک کو آئین دیا جبکہ زرداری نے جاتی امرا کے چوروں کے ساتھ مل کر اس کے انسانی حقوق کے باب کی دھجیاں اڑائیں۔ 6 فیصد کی شرح سے ترقی کرتی معیشت کو تباہی کے گھاٹ اتارنے کے جرم میں بھی سہولت کار زرداری اور اس کا فرزند ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ زرداری اور اس کے فرزند کی سہولت کاری کے باعث 8 ماہ پہلے تک ناپید دہشت گردی پھر سے سر اٹھا رہی ہے جب کہ صوبوں کو ان کے وسائل سے محروم کیا جارہا ہے۔

