وفاقی حکومت کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ کا کل ہی وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اسلام آباد میں 31 دسمبر کو شیڈول بلدیاتی انتخابات کل ہی کرانے کا حکم دیا ہے، جس سے اختلاف کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کی سماعت آج ہی کرنے کی بھی درخواست کی جائے گی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل کے مطابق عدالتی فیصلے کی مصدقہ نقول حاصل کیے جانے کے بعد انٹرا کورٹ اپیل پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے بھی ہائی کورٹ کے حکم کے تناظر میں اٹارنی جنرل سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق اٹارنی جنرل سے ملاقات کے بعد اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔ قبل ازیں الیکشن کمیشن کی قانونی ٹیم کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کل ہی اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔ انتظامات سمیت دیگر معاملات کی وجہ سے ایک دن میں بلدیاتی الیکشن نہیں کرائے جا سکتے۔

