لندن:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہا ہے اس کی گرفتاری ہونی چاہیے۔ لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملکی سیاسی صورتحال اہم ہے، نواز شریف نے مشاورت کیلئے بلایا ہے۔رانا ثنا اللہ نے عمران خان سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، وہ پارلیمنٹ میں نہیں آنا چاہتا، گند کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کرتوت سامنے آ گئے، اس نے اداروں کو بلیک میل کیا، جھوٹے مقدمات بنائے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پورا توشہ خانہ چوری کرکے بیچ دیا اور اب ملک کو دیوالیہ کرنے کی مہم چلا رہا ہے، اس کی گرفتاری ہونی چاہیے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک میں سیاسی عدم استحکام ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی اسمبلی اپنی آئینی مدت پوری کرے گی جب کہ ہم پنجاب اسمبلی کے الیکشن کیلئے تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اگلا وزیر اعلی مسلم لیگ ن سے ہوگا اور ہمارے ساتھ کھڑے رہنے والوں کو ہی انتخابی ٹکٹ دیا جائے گا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں ہم ناکام نہیں ہوئے، ہمارے نمبر موجود تھے جبکہ پرویز الہی کہتے تھے لوگ اسمبلی نہیں توڑنا چاہتے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ پنجاب کا صدر ہوں، استعفیٰ مانگا تو نواز شریف کو دیدوں گا اور مریم نواز کی قیادت میں کام کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے صحافی کے سوال پر کہا کہ نواز شریف کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال ہوگا۔

