سیالکوٹ: وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ ہو چکا ہے اور ہم ایک دیوالیہ ملک میں رہ رہے ہیں۔
سیالکوٹ میں نجی تعلیمی ادارے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل ملک کے اندر ہی ہے، آئی ایم ایف کے پاس ہمارے مسائل کا حل موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے سنا ہوگا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہوگیا تو دراصل ہم دیوالیہ ملک ہی میں رہ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے پیروں پر کھڑے ہوں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ موجودہ ملکی حالات کے ذمے دار اسٹیبلشمنٹ، بیورو کریسی اور سیاستدان سب ہیں کیوں کہ پاکستان میں آئین اور قانون پر سمجھوتا کیا جاتا ہے۔
سابق حکومت پر تنقید کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ڈیڑھ دو سال قبل دہشت گردوں کو خود یہاں لاکر بسایا گیا، نتیجہ یہ نکلا کہ دہشت گردی ہمارا مقدر بن گئی ہے اور اس پر جس نے آواز اٹھانے کی کوشش کی، اسے ملک سے نکال دیا گیا۔ کراچی میں پولیس آفس پر حملے سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اداروں نے کے پی او پر حملے کا بہادری کے ساتھ مقابلہ کیا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ میرا زیادہ تر وقت اپوزیشن میں گزرا ہے۔ میں نے 32 برس میں یہاں سیاست کو رسوا ہوتے ہی دیکھا ہے۔
