پٹنہ:بھارت کی ریاست بہار کے رکن اسمبلی اور بی جے پی کے رہنما جبیش کمار کو ایوان سے باہر پھینک دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاستی اسمبلی میں ہندوؤں کے مذہبی تہوار کی تقریبات کے بعد بہار کے علاقوں میں ہونے والے مسلمان مخالف پر تشدد واقعات پر بحث کے دوران جبیش کمار کو اہلکاروں نے پکڑ کر اسمبلی سے باہر نکال دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی کے رکن اسمبلی کو 4 اہلکاروں نے ہاتھ اور پاؤں سے پکڑ کر اسمبلی سے باہر نکالا اور اس دوران وہ کہتے رہے کہ اس طرح سے یہ لوگ اپوزیشن کے رہنماؤں کے ساتھ سلوک کر رہے ہیں۔ جبیش کمار کے خلاف کارروائی پر حکومت نے کہا کہ انہوں نے اسپیکر کی توہین کی ہے۔
رپورٹس کے مطابق بہار کے وزیر زراعت نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اپوزیشن کے کچھ رہنماؤں نے اسپیکر کی توہین کی اور انہیں بے شرم کہا جو کہ اسمبلی کی سب سے بڑی توہین ہے۔
بی جے پی نے حکمران اتحادی جماعتوں پر علاقے میں ہونے والے پرتشدد واقعات کو روکنے میں ناکامی کا الزام لگایا جبکہ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان واقعات میں بی جے پی اور آر ایس ایس ملوث ہے۔
واضح رہے کہ 30 مارچ کو بھارت کے مختلف شہروں میں ہندؤوں کے مذہبی تہوار کے موقع پر مساجد پر حملے کیے گئے تھے۔ جلوس کے شرکا نے مساجد کو آگ لگائی، مسلمانوں کے کاروبار، گھروں، گاڑیوں اور قبرستانوں تک کو آگ لگائی گئی تھی۔
