کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پر مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے اور وحشیانہ بمباری کے خلاف جمعہ کو کراچی میں مختلف اضلاع میں متعدد مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور اسرائیل کی شدید مذمت کی گئی۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے مختلف بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے، جن پر امریکا اور اسرائیل گٹھ جوڑ اور فلسطینی مسلمانوں کے بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف عبارتیں درج تھیں، مظاہرین نے اسرائیل اور امریکا کے خلاف پر جوش نعرے بھی لگائے اور حکومت پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملے کے خلاف عالمی فورمز پر آواز اٹھائے۔
دریں اثناء امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل نے فلسطین اور مسلمانوں کے قبلہ اوّل پر ناجائز طور پر قبضہ کیا ہوا ہے، امریکہ اور عالمی طاقتوں کو اس کی پشت پناہی حاصل ہے، اسرائیل کی غاصب افواج نے فلسطینی مسلمانوں، مرد و خواتین، بچوں اور بزرگوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے لیکن اقوام متحدہ اور عالمی اداروں نے مجرمانہ طو پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے حکمرانوں کی ذمہ داری ہے کہ قبلہ اوّل کی آزادی اور فلسطین پر سے اسرائیل کے ناجائز اور غاصبانہ تسلط کو ختم کروانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ حالیہ حملہ اسرائیل کی جارحانہ کاروائیوں کا تسلسل ہے، رمضان المبارک کے تقدس کی پامالی صہیونی فورسز کی روایت بن گئی ہے، جس سے دنیا بھر کے مسلمان شدید کرب میں مبتلا ہیں۔
امیر جماعت نے کہا کہ پوری امت فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ ہے۔عالمی طاقتوں اور اداروں کی اسرائیل کو دی جانے والی کھلی چھوٹ مسلسل انسانی حقوق کی پامالی کا سبب بن رہی ہے اور فلسطین پر جاری یہ ظلم و ستم کسی بھی وقت عالمی امن کے لیے خطرے کا باعث بن سکتا ہے۔ مسئلہ فلسطین پر عالمی سکوت کو توڑنے کی ضرورت ہے۔

