اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور سابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت کی قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیاں قبل از وقت تحلیل کرنے کی پیشکش مثبت سمت میں قدم ہے، اگر اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ پر سمجھوتہ ہو جائے اور انتخابات سے قبل غیر جانبدار نگران حکومتیں لگانے پر اتفاق ہو جائے تو یہ سیاسی بحران کے خاتمے کی طرف اہم اقدامات ہوں گے۔
ان خیالات کااظہار فواد چوہدری نے حکومت کی جانب سے انتخابات کیس میںسپریم کورٹ آف پاکستان میں جمعہ کے روز جمع کروائے گئے جواب پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کیا۔
فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان کے ساتھ حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کروائے گئے جواب کا ایک پیراگراف بھی شیئر کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کا ادارک کرتے ہوئے قومی اورصوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ہی روز کروانے کے حوالہ سے بات چیت پر اتفاق کیا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ حکومتی اتحادیوں نے قومی اوردوصوبائی اسمبلیاں اپنی مدت سے پہلے توڑنے کے حوالہ سے لچک کا مظاہرہ کیا ہے۔
