اسلام آباد: قومی سلامتی کمیٹی نے نو مئی واقعات کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے پر اتفاق کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کسی بھی ایجنڈے کے تحت فوجی تنصیبات اور مقامات پر حملہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی جبکہ اجلاس میں نو مئی کو قو می سطح پر یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان کیاگیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس منگل کو وزیراعظم ہاوس میں منعقد ہوا جس میں وفاقی وزرا، چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، تینو سروسز چیفس ، سلامتی سے متعلق اداروں کے سربراہان اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعدجاری اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے اعادہ کیا کہ ملک میں تشدد اور شرپسندی کسی صورت برداشت نہ کرتے ہوئے زیروٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی،اجلاس نے 9 مئی کو قو می سطح پر یوم سیاہ کے طورپر منانے کا اعلان کیاگیا۔ قومی سلامتی کمیٹی کے شرکانے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یک جہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔
شرکانے ذاتی مفادات اور سیاسی فائدے کے حصول کے لئے جلاو، گھیراو اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ۔شرکانے عزم کا اعادہ کیا کہ کہ فوجی تنصیبات اور عوامی املاک کی حرمت ووقار کی کوئی خلاف ورزی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی اور 9 مئی کے یوم سیاہ میں ملوث تمام عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیاجائے۔