English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تحریک انصاف کے ارکان کے استعفے کالعدم قرار دینے کا عدالتی فیصلہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع

القمر

اسلام آباد: تحریک انصاف کے ارکان کے استعفوں کی منظوری کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے سے متعلق لاہور ہائی کورٹ کا فیصلے کی مصدقہ کاپی جمعہ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرا دی گئی ۔

پاکستان تحریک  انصاف کے باسٹھ ارکان نے استعفوں سے دستبرداری کا خط بھی منسلک کر دیا ۔اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف سے درخواست کی گئی ہے کہ ایوان میں محاذ آرائی نہیں چاہتے اپوزیشن میں رہ کر مثبت کردار ادا کرنا چاہتے ہیں اور بجٹ کے حوالے سے عوامی مسائل اور مشکلات پر تجاویز پیش کرنا چاہتے ہیں  ۔

گزشتہ روز ریاض فتیانہ نے وفد کے ہمراہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور سیکرٹریٹ کی متعلقہ برانچ میں لاہور ہائی کورٹ کے متذکرہ فیصلے کی کاپی جمع کروا دی باسٹھ ارکان کی رکنیت کی بحالی کی درخواست کی گئی ہے ۔

عدالتی فیصلے کے ساتھ باضابطہ طور پر پی ٹی آئی کی جانب سے استعفوں سے دستبرداری کا خط بھی منسلک کیا گیا ہے اور ارکان کی فہرست بھی منسلک ہے ۔

پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اپوزیشن میں رہ کر ایوان کی کارروائی میں مثبت طریقے سے حصہ لینا چاہتے ہیں بجٹ کی آمد آمد ہے اس حوالے سے بھی تجاویز پیش کرنا چاہتے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے حوالے سے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں مشاورت کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے پیر کو اس معاملے پر اسپیکر کی جانب سے مزید آئینی و قانونی ماہرین بشمول اٹارنی جنرل سے رائے لینے کا امکان ہے ۔

یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے نوٹیفیکیشن اور اسپیکر کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا ہے اور ارکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسپیکر سے جا کر باضابطہ طور پر ملاقات کریں اور اپنی پوزیشن سے آگاہ کریں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے