English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومتی اقدامات میں اتحادیوں سے مشاورت نہایت اہم ہے، وزیر اعظم

القمر

اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا  تباہی کے باوجود حکومت کی محنت سے ملک میں معاشی استحکام آیا، ہر حکومتی اقدام میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت حکومت کیلئے نہایت اہم ہے۔

وزیرِ اعظم  نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 13 جماعتوں نے اپنی سیاست کو داؤپر لگا کر ریاست کو بچایا اس امر کا اظہار وزیراعظم نے ترقیاتی پروگرام( پی ایس ڈی پی)کے لئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے لئے منعقدہ اجلاس میں کیا۔

پیر کو اسلام آباد میں منعقدہ  اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رہنما وزیر تجارت سید نوید قمر، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، جمیعت علماء اسلام (ف) کے رہنما، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، وزیر ہاؤسنگ و تعمیرات مولانا عبد الواسع، ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی، وزیر آئی ٹی امین الحق، بلوچستان نیشنل پارٹی(مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل، آغا حسین بلوچ، سردار اسرار ترین، ہاشم نوتیزئی، احسان اللہ ریکی، عوامی نیشنل پارٹی کے سردار حسین بابک، محسن داوڑ، اسلم بھوتانی اور دیگر شریک ہوئے۔ سرکاری ترقیاتی پروگرام( پی ایس ڈی پی)کے لئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے اس اہم موقع پر کہا ہے کہ بجٹ 2023-24 کا محور ترقی، عوامی فلاح اور کاروبار دوست پالیسیاں ہونگی، آئندہ مالی سال میں شرح نمو اور روزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے پی ایس ڈی پی کے حجم کو 700 سے بڑھا کر 950 ارب روپے کیا جا رہا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال پاکستان کیلئے معاشی ترقی کا سال ہوگا، بجٹ میں حکومت نے مشکل معاشی صورتحال کے باوجود موجود وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کار لانے کی پالیسی اپنارہی ہے۔

شرکاء اجلاس کو بریفنگ کے دوران  بتایا گیا کہ  بجٹ 2023-24 میں سیلاب متاثرہ علاقوں کی ترقی و تعمیر نو کیلئے بھی خطیر رقم رکھی جا رہی ہے. سالہا سال سے التوا کا شکار نیشنل فلڈ ریسپانس پروگرام شروع کیا جا رہا ہے.  گزشتہ حکومت کی معاشی تباہی کے باوجود حکومت کی محنت سے ملک میں معاشی استحکام آیا. وزیرِ اعظم ہر حکومتی اقدام میں اتحادی جماعتوں کی مشاورت حکومت کیلئے نہایت اہم ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے