اسلام آباد: جماعت اسلامی کے رہنما سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ حکومت میں انسانی سمگلرز کے سہولت کار بیٹھے ہیں، اگرچہ یوم سوگ کے حوالے سے قومی پرچم سرنگوں ہوا مگر حکمرانوں کے چہروں پر کوئی ملال کی کیفیت نظر نہ آئی ۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ ہر جگہ مافیاز بیٹھے ہوئے ہیں پارلیمنٹ میں بھی مختلف مافیاز بیٹھے ہیں ۔ نوجوانوں کو روزگار نہ دے کر بیرون ملک جانے پر مجبور کرنے والے حکمران سانحہ یونان میں پاکستانیوں کی شہادت کے ذمہ دار ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ، وزیر خارجہ ، وزیر داخلہ ، وزیر سمندر پار پاکستانیز کوئی تو سانحہ یونان کے حوالے سے ذمہ داری قبول کرے ۔ سابقہ حکومتوں میں یہی جماعتیں کسی سانحہ یا حادثے پر وزراء کے استعفوں کا مطالبہ کرتی رہی ۔
سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا قومی پرچم سرنگوں ہے مگر پارلیمنٹ میں اس پر بحث کیوں نہیں کروائی گئی دونوں ایوانوں کے اجلاس جاری تھے اس پر بحث ہونی چاہیے تھی ۔ تین سو پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کا واقعہ انتہائی دلخراش ہے ۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ یہ ایسا سانحہ ہے جس کو بیان کرنے کے لیے بھی الفاظ نہیں ہیں حکمران اور اشرافیہ اس واقعے کے ذمہ دار ہیں جنہوں نے نوجوانوں کو روزگار سے محروم کر رکھا ہے ۔ یہ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے یوم سوگ جیسے اعلان کرتے ہیں انسانی جانوں کی ان بے رحم حکمرانوں کو کوئی پرواہ نہیں ہے ، حکمران اتنے ہی ہمدرد ہیں تو پارلیمنٹ میںیونان کشتی حادثہ اور تین سو سے زائد پاکستانیوں کی شہادت پر کیوں بحث نہیں کروائی گئی ۔
