اسلام آباد:جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما مولانا عبدالاکبر چترالی نے بجٹ بارے سینیٹ کی سفارشات پر اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ایوان بالا کی آواز کو سنا جائے اورحکومت شعبہ صحت کیلئے مختص فنڈز میں اضافہ کرے،گوادر میں لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
جماعت اسلامی کے رہنما نے کہا کہ مالاکنڈ ڈویژن، سابقہ فاٹا، گوادر کو ٹیکس فری زون قرار دیا جائے، سیلاب سے خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان کے علاقے متاثر ہوئے تھے۔ سیلاب زدگان کیلئے یکساں خصوصی فنڈز مختص ہونے چاہیے امتیاز اور تفریق مناسب نہیں۔
مولانا عبدالاکبر چترالی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت ملک بھر کے سیلاب زدہ اضلاع کیلئے فنڈز مختص کرے، وفاقی بجٹ اور فنانس بل مکمل طور پر سود پر مبنی ہیں ،سود کی وجہ سے پاکستان تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، سعودی عرب میں موجود حجاج کو شدید مشکلات درپیش ہیں حکومت حجاج کرام کو درپیش مشکلات فوری حل کرے ۔
عبدالاکبر چترالی نے ملک میں سودی نظام کو جڑ سے ختم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی طریقہ کار مضاربہ استعمال کیا جائے، بیرونی دنیا سے منگائے جانے کھیلوں کے سامان پر ٹیکس ختم کیا جائے ۔
