اسلام آباد:استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ پاکستان میں 65 فیصد نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے حوالے سے بہت سی چیزیں گردش کررہی ہیں، استحکام پاکستان پارٹی کی رجسٹریشن اپنے آخر مراحل میں ہے۔ آئندہ ہفتے باضابطہ الیکشن کمیشن میں رجسٹریشن کے لیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ استحکام پاکستان پارٹی کے لیے سب سے اہم چیلنج ملک میں معاشی و سیاسی عدم استحکام ہے۔آئی پی پی چاہتی ہے معیاری تعلیم کیلئے سرمایہ کاری ہونی چاہیے۔ آئی پی پی متحدہ پاکستان کو آگے لے کر جانا چاہتی ہے ،ہمارے منشور میں نوجوان طبقے کے لیئے اقدامات شامل ہیں اور ہم نوجوانوں کو ان کے حقوق کے ساتھ ساتھ ان کے فرائض سے بھی انہیں روشناس کروائیں گے۔
آئی پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحت اور تعلیم کے معاملے میں امیر اور غریب میں تفریق ہے، یہاں اصلاحات کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا۔ ہم ڈیجیٹل پاکستان کے لیے نوجوانوں کو سہولیات فراہم کریں گے، ہمارا مستقبل ہمارا نوجوان ہے ہم ہیومن ریسوس پر انوسٹمنٹ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آج بھی صحت کا نظام بہتر نہیں ہے۔ استحکام پاکستان پارٹی پاکستان کا وقار دنیا کو دکھائے گی۔،ہیلتھ کیئر سیکٹر کے لیے ایک روڈ میپ لے کر آرہے ہیں، دنیا کی جنگیں اب سرحدوں کی بجائے معاشی جنگیں ہیں۔ آئی پی پی خواتین کو ہنرمند بنا کر مرکزی دھارے میں لائیں گی۔ ہمیں پرانے اور نئے پاکستان کی دکانداری میں الجھا کر پاکستان کو تقسیم کیا گیا جس کی قیمت پوری قوم ادا کر رہی ہے ۔
