کراچی : اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے وفد نے اسید خانزادہ (انچارج طلبہ امور کراچی) کی قیادت میں ڈائریکٹر جنرل (DG) کالجز سندھ پروفیسر شاداب حسین اور ریجنل ڈائریکٹر (RD) کراچی پروفیسر سلیمان سیال سے ملاقات کی.
ملاقات میں حالیہ داخلہ پالیسی میں کی گئی تبدیلیوں اور زون سسٹم کے آغاز پر تبادلہ خیال ہوا۔ DG اور RD صاحب نے جمعیت کے تحفظات کو دور کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کالج زونز کے ضمن میں کوٹہ لاگو نہیں کیا جائے گا اور ایڈمیشن میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے.
نیز کالج زونز کا جلد اعلان کر دیا جائے گا، اور کسی کالج زون میں اگر داخلے باقی نا رہیں تو طلبہ کو بطور متبادل اگلے قریبی زون میں ایڈمیشن دیا جائے گا.
ڈومیسائیل کی شرط کے حوالے سے اسلامی جمعیت طلبہ کے مطالبے پر DG کالجز نے مطلع کیا کہ داخلے کے وقت ڈومیسائل لازمی نہیں، والد کا ڈومیسائل یا اسکول کا سرٹیفیکیٹ بھی جمع کرایا جاسکتا ہے.
محکمہ تعلیم کے عہدیداران نے جمعیت کی جانب سے جمع کروائے گئے تحفظات اور طلبہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے کاوشوں کو سراہتے ہوئے قبول کیا اور آئندہ بھی تعاون کی یقین دہانی کروائی.
آخر میں وفد نے DG اور RD صاحب کو پاسبان قرآن مہم کے حوالے سے قرآن مجید کا نسخہ پیش کیا.
