اسلام آباد: سپریم کورٹ نے 2 فروری 2022ء سے یکم فروری 2023ء تک کا ڈیٹا جاری کیا گیا ہے۔
عدالت عظمیٰ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک سال میں مجموعی طور پر 22843 مقدمات نمٹائے گئے جب کہ ایک سال میں 20707 مقدمات سپریم کورٹ میں رجسڑڈ ہوئے۔
سپریم کورٹ کی طرف سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق 2 فروری 2022 کو زیر التواء مقدمات کی تعداد54706 تھی،یکم فروری 2023 کو مقدمات کی تعداد 52590 تک لائی گئی، مجموعی طور سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں 2116 مقدمات کی کمی ہوئی۔
گزشتہ 10 سالوں میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں کمی ہوئی،2013 کے بعد ہر سال سپریم کورٹ میں زیر التواء مقدمات کی تعداد میں اضافہ ہوا،دسمبر 2022 میں پہلی مرتبہ مقدمات کی تعداد میں 1722 مقدمات کی کمی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے بینچ کے سربراہ کے طور پر 243 دنوں میں 8796 مقدمات نمٹائے،جسٹس اعجاز الاحسن نے 247 دنوں میں 4664 مقدمات نمائے، جسٹس سردار طارق مسعود نے 158 دنوں میں 3126 مقدمات نمٹائے،جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے 188 دنوں میں 1323 مقدمات نمٹائے۔
