اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے نیوکلیئر پاور پلانٹ چشمہ فائیو کا سنگ بنیاد رکھ دیا جس سے 1200 میگا واٹ بجلی حاصل ہوسکے گی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ عالمی ایجنسی نے اس منصوبے کو محفوظ قرار دیا ہے۔ چشمہ 5 نیوکلئیر منصوبہ سنگ میل اور پاکستان اور چین کے باہمی تعاون کا عکاس ہے، چشمہ 5 نیوکلیئر منصوبہ سستی توانائی کی پالیسی کا تسلسل ہے جسے عالمی ایجنسی نے بھی محفوظ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ افواہیں پھیلائی جا رہی تھیں کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے گا۔ ایسے منصوبوں کا افتتاح ان افواہوں کا موثر جواب ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کی منظوری سے معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ 4 ماہ میں پاکستان کو معاشی دباؤ سے بچانے کے لیے چین کی حکومت نے متعدد اقدامات کیے۔ مشکل وقت میں عظیم دوست کے تعاون کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ چینی صدر شی جن پنگ اور چینی حکومت کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔ معاونت پر سعودی عرب کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
