لاہور: امیرجماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ کرپٹ اشرافیہ اور فرسودہ نظام نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کردیا ہے، اتحادی حکومت کی پندرہ مہینوں کی بدترین کارکردگی نے عوام کو معاشی طور پر کنگال اور اداروں کو بدحال کردیا ہے۔
ضیاالدین انصاری نے کہاکہ 20 کلو آٹے تھیلا انتیس سو روپے تک پہنچ گیا ہے۔ چینی، گھی چاول اور سبزیوں کی قیمتیں2018 کی نسبت سو سے ڈیڑھ سو فیصد بڑھ چکی ہے۔گذشتہ 15 مہینوں میں بجلی کی قیمت میں 75 فیصد ظالمانہ اضافہ ہواہے۔بجلی و گیس کے یوٹیلیٹی بلز عوام کیلئے وبال جان چکے ہیں۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ان گھمبیر حالات میں مہنگائی سے تنگ عوام دیانتدار قیادت کا ساتھ دے ۔ آزمائے ہوئے سیاسی کرپٹ لیڈر اورپارٹیاں عوام کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن نہیں کرسکتے ۔ جماعت اسلامی ہی ملک میں قرآن و سنت کے نظام سے حقیقی تبدیلی اورخوشحالی لاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری اور لاقوانیت کے خاتمے اور ترقی خوشحالی کیلئے دیانتدار قیادت کا ساتھ دے، امیدواران، ذمہ داران، کارکنا ن اور ورکرز دستک مہم کے ذریعے گھر گھر جا کر ہر فرد تک جماعت اسلامی کا انقلابی منشور اور دعوت و پیغام پہنچائیں کہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور ملک و قوم کے مسائل کا حل صرف جماعت اسلامی ہے۔ پاکستان میں اسلامی نظام کا نفاذ ہماری زندگی کا مقصد ہے۔