English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ملک بھر میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، 9 افراد جاں بحق،متعدد زخمی

القمر

لاہور:ملک بھر میں مون سون سیزن کے دوران  طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی، مختلف حادثات میں خواتین و  بچوں سمیت 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

لاہور کے مختلف علاقوں میں کئی گھنٹے سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ، سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 163 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جوہر ٹاون میں 156، نشتر ٹاؤن میں 151 اور لکشمی چوک پر 142 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ نگراں وزیراعلیٰ نے اربن فلڈنگ کے خطرے کے پیش نظر انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کردی۔

پنجاب کے دوسرے اضلاع پاکپتن، شکرگڑھ، کرتارپور، نورکوٹ، کوٹ نیناں اور مضافات میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، شرقپورشریف شہر اور رینالہ خورد میں تیز بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آگئے جبکہ سڑکوں پرپانی جمع ہوگیا، لاہور میں چند گھنٹوں کے دوران 200 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔

ریسکیو حکام کے مطابق لاہور میں بارش کے پانی میں ڈوب کر بچے سمیت2 افراد جاں بحق ہوگئے، دوموریہ پل کے نیچے پانی میں17سالہ لڑکا ڈوب کرجاں بحق ہوگیا جبکہ ٹھوکر نیازبیگ کے قریب12سالہ بچہ بارش کے پانی میں ڈوب گیا، ادھر وزیرآباد میں جوہڑ میں گر کر2بچے جاں بحق ہوگئے،

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے پر افوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اللہ تعالیٰ سوگوار خاندان کو صبرجمیل عطا فرمائے، پھالیہ میں دھول رانجھا میں بارش کے باعث چھت گرگئی، چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگئی۔

  دوسری جانب خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں رات گئے موسلادھاربارش سے 3کچے گھروں کی دیواریں گرگئیں، حادثات میں خاتون اور 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے، بارشوں کے باعث وادی کونش اور وادی سرن کے برساتی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔

لوئرچترال میں موسلادھار بارش سے کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے تباہی مچادی۔ کوغذی میں 2 دکانیں، ایک ورکشاپ اور ایک سروس اسٹیشن سیلاب کی نذر ہوگئے،5 پن چکیاں،2 مویشی خانے، سڑک اور پل سیلاب کی زد میں  آگئے۔چترال شندور کو ملانے والا پل بھی طغیانی سے متاثر ہوگیا، کاری کے مقام پر پل بہنے سے چترال بونی روڈ بند ہوگیا۔

گہتک دنین نالے میں طغیانی سے گھروں کو نقصان پہنچا۔پی ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا میں میں بارشوں کے باعث مختلف واقعات میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ چترال لوئرمیں سیلاب سے9گھروں کو نقصان پہنچا۔ سیلاب سے 12 گھروں کوجزوی نقصان ہوا۔

آزاد کشمیر بھر میں بارش کا سلسلہ مسلسل چوتھے روز بھی جاری  رہا ، شدید بارش سے مختلف علاقوں کی کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی، درخت گرنے سے وادی لیپہ کو دیگر علاقوں سے ملانے والی سڑک بھی بند ہوگئی، حالیہ بارشوں کے باعث گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے کے ندی نالوں بھی میں سیلابی صورتحال ہے۔

دریائے شیوک کی سطح میں بھی غیرمعمولی اضافہ دیکھنیکومل رہا ہے، سیلاب کی وجہ سے مختلف شاہراہوں کیبندش کا سامنا ہے، ضلع غذر کے علاقے یاسین میں بھی بارش اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی، بارش اور سیلابی ریلے سے متعدد گھر،گاڑیاں، کھڑی فصل اور باغات تباہ ہوگئے۔

دریں اثناء  محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام  آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع، بلوچستان اور سندھ کے مختلف شہروں میں  آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی اور تیز مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اسلام آباد میں چند مقامات پر تیز ہوا ئو ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج تیز ہواو?ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع، موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب  آنے کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے مقامی برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بارش کا امکان ہے اور کشمیر میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہوا  ئو ں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔  

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے