دوحہ: امریکا نے کہا ہے کہ اس کے دو اعلی عہدیدار قطر میں طالبان رہنماوں سے ملاقات کریں گے اور انسانی حقوق بالخصوص خواتین کے لیے تعلیم اور ملازمتوں کے مواقعوں سمیت معیشت پر بات کریں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ طالبان رہنماوں سے دوحہ میں ملاقات کے لیے امریکا سے افغانستان کے لیے ایلچی تھامس ویسٹ اور افغانستان میں خواتین و انسانی حقوق کی خصوصی ایلچی رینا امیری جلد ہی قطر جائیں گے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات میں طالبان وفد میں اہم حکومتی رہنما اور افغان وزارتوں کے ٹیکنو کریٹک ماہرین امریکی عہدیداروں سے خطے میں امن و امان، سلامتی، خواتین کے حقوق اور معیشت پر تبادلہ خیال کریں گے۔
دوسری جانب طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں افغان وزیر خارجہ ملا متقی افغان بینک کے منجمد ذخائر، عالمی پابندیوں اور بلیک لسٹوں کو ختم کرنے کے حوالے سے امریکی عہدیداروں سے بات کریں گے۔

