لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نوجوان ملک و قوم کو قیمتی سرمایہ ہیں ہمیں ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کرنا ہونگی ۔ مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن بڑے مسائل ہیں۔
محمد جاوید قصوری کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کا یہ المیہ رہا ہے کہ جو بھی بر سرا قتدار آیا اس نے لوٹ مار اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے سوا کچھ نہیں کیا ۔قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا جاتا رہا ہے ۔ حکومتی پالیسیوں سے امیر پہلے سے زیادہ امیر اور غریب پہلے سے زیادہ غریب ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ حالات سے مایوس ہو کر ہر سال 10لاکھ افراد ملک چھوڑ کر باہر چلے جاتے ہیں، ملک میں اس وقت جو خوفناک مہنگائی موجود ہے وہ سفید پوش طبقے کیلئے بھی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ غریب طبقہ تو بالکل ہی پس کر رہ گیا ہے۔ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کی ناکام حکومتوں کی بدولت غربت کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان 116ممالک کی فہرست میں اس وقت 92ویں نمبر پر ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ حکمرانوں کی لوٹ مار اور عیاشیوں کا خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں ، آئی ایم ایف کی بھیک کے سہارے نہیں چلا جا سکتا ۔ سودی نظام کے خاتمے کی باتیں کرنے والے ہی اس کے محافظ بن چکے ہیں۔سود اور پاکستان ساتھ نہیں چل سکتے۔ اس سے نجات حاصل کرنا ہوگی ۔

