English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جماعت اسلامی نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو چارج نہ دینے کو عدالت میں چیلنج کر دیا

کراچی:جماعت اسلامی نے عبوری مدت کے نام پر عوام کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو تاحال چارج منتقل نہ کرنے ، مالی اور انتظامی اختیارات سے محروم رکھنے اور ٹرانزیشن افسران کو مقرر کرکے تمام معاملات ان کے سپرد کرنے اور ان کی تقرری کی مدت میں اضافہ کرنے کے غیر قانونی عمل کو چیلنج کرتے ہوئے سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کر دی ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  عدالت عالیہ سے درخواست کی ہے کہ منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل حل کرنے کے لیے اپنے آئینی و قانونی اختیارات استعمال کرنے کی فوری اجازت دی جائے ، بلدیاتی اداروں میں عبوری مدت اور ٹرانزیشن افسران کی تقرری ختم کی جائے۔

 آئینی درخواست امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور یوسی 8الفلاح نارتھ ناظم آباد کے منتخب چیئر مین کے ہمراہ  نائب امیر کراچی و سٹی کونسل کے رکن سیف الدین ایڈوکیٹ اورجماعت اسلامی کے9منتخب ٹاؤن چیئرمینز ،چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبد الجمیل خان،چیئرمین نارتھ ناظم آباد ٹاؤن عاطف علی خان ،چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد ،چیئرمین لیاقت آباد ٹاؤن فراز حسیب،چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف،چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ ،چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع،چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفر ،چیئرمین ماڈل کالونی ظفر احمد خان نے دائر کی ہے ۔

 درخواست میں سندھ حکومت اور محکمہ بلدیات کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 140 کے تحت مقامی حکومتوں کی اہمیت کو تسلیم کیا گیا۔ 15 جون کو میئر اور ٹاؤن چیئرمین سمیت منتخب نمائندوں کی حلف برداری بھی ہو چکی۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ  حکومت سندھ نے بدنیتی کی بنیاد پر لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2023 کے سب سیکشن 2 میں ترمیم کر کے ٹرانزٹ افسران تعینات کر دیئے اور 20جولائی کو لوکل گورنمنٹ 2023امنڈ منٹ ایکٹ کے ذریعے ان افسران کی مدت میں180دن کی  توسیع کی گئی جو کہ غیر قانونی عمل ہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹرانزٹ آفسران کی تعیناتی سے منتخب نمائندوں کے انتظامی اور مالیاتی اختیارات منجمد کر دیئے گئے ہیں۔ اس ترمیم سے بلدیاتی ادارے معطل ہو کر رہ گئے ہیں۔ حکومت سندھ کا یہ اقدام آئین پاکستان اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کی خلاف ورزی ہے۔ حکومت سندھ کے اس عمل کو  فوری کالعدم قرار دیا جائے۔بعد ازاں  سندھ ہائی کورٹ کے باہر حافظ نعیم الرحمن نے 9ٹائون چیئر مین کے ہمراہ میڈیا کو پٹیشن کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے