English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

انسداد دہشتگردی عدالت: ایمان مزاری 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

 اسلام آباد: انسدد دہشتگردی عدالت نے بغاوت کیس میں سابق وفاقی وزیر شیریں مزاری کی صاحبزادی ایمان مزاری کو تین روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج ابو الحسنات نے ایمان مزاری کے خلاف کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں پراسیکیوٹر راجہ نوید عدالت میں پیش ہوئے جبکہ ایمان مزاری کی جانب سے زینب جنجوعہ پیش ہوئیں۔

دورانِ سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ایمان مزاری کیخلاف تھانہ بہارہ کہو میں مقدمہ درج ہوا ہے، مدعی مقدمہ نے ایمان مزاری پرنوجوانوں کو اکسانے اور ریاست کیخلاف ورغلانے کا الزام لگایا، مدعی نے الزام لگایا کہ جب وہ ایمان مزاری کی پارٹی سے الگ ہوا تو اسے دھمکیاں ملیں۔

پراسیکیوٹر راجہ نوید نے ایمان مزاری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جس کی وکیل صفائی نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جس دن ایمان کو ضمانت ملنی تھی اسی دن نیا مقدمہ بنایا گیا، ایک ہی وقوعہ پرکیسے 3 مقدمات درج ہوسکتے ہیں؟ پی ٹی ایم دہشتگرد جماعت نہیں،جلسے کیلئے این او سی دیا گیا، ایمان کے خلاف احمقانہ قسم کے مقدمات درج کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایمان مزاری کے خلاف ڈرامہ بنتا ہوا نظرآرہا ہے، ان کے خلاف پراسیکیوشن کا اصل مقصد کچھ اور ہے۔ایمان مزاری کے وکلا نے انہیں کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کی۔اے ٹی سی جج ابوالحسنات نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایمان مزاری کے جسمانی ریمانڈ پرفیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے انہیں 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پو لیس کے حوالے کردیا۔

دوران سماعت جج نے ایمان مزاری کو اپنی والدہ سے کمرہ عدالت میں ملاقات کی اجازت دی اور کہا کہ صرف ماں بیٹی کمرہ عدالت میں ملاقات کریں گی، غیرمتعلقہ افراد کمرہ عدالت سے نکل جائیں۔اس دوران ایمان کمرہ عدالت میں والدہ سے مل کر جذباتی ہوگئیں جب کہ شیریں مزاری نے اپنی بیٹی کو کمرہ عدالت میں  بسکٹ اور جوس بھی دیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے