کراچی: جماعت اسلامی کے تحت بجلی کے بھاری بلوں، ناجائز اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف جاری تحریک اور 2ستمبر کی ہڑتال کے سلسلے میں بدھ کے روز بھی درجنوں مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔
مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا کر شدید احتجاج کیا۔کے الیکٹرک،نیپرا اور حکومت کے خلاف پرجوش نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ بجلی کے نرخوں میں ظالمانہ اضافہ واپس اور ٹیکسوں کی بھرمار ختم کی جائے۔مراعات یافتہ طبقات اور سرکاری افسران کو مفت بجلی، پیٹرول دینا بند کیا جائے،جاگیرداروں اور وڈیروں پر بھی ٹیکس لگایا جائے، کے الیکٹرک کالائسنس منسوخ اورفارنزک آڈ ٹ کرایا جائے۔
مظاہروں سے جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ 2ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن اور عام ہڑتال ہو گی۔ عوام،تاجر، مزدور و محنت کش اور تمام پسے ہوئے طبقات، جاگیرداروں، سرمایہ داروں،مراعات یافتہ طبقات کو تحفظ دینے والے حکمرانوں کے خلاف مزاحمت کریں گے۔ نگراں وزیر اعظم کو بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور ٹیکسوں کو واپس لینا ہو گا۔

