ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

مسجد اقصیٰ سے تعلق ایمان اور عقیدے کا حصہ ہے، حافظ نعیم

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فلسطین کے مسلمانوں و حما س سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ سے تعلق تمام مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کا حصہ ہے،کراچی کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں مجرمانہ خاموشی اختیار کرنے والے حکمرانوں کو جگانے کے لیے احتجاج اور اہل فلسطین سے اظہار یکجہتی کر رہی ہیں۔

جماعت اسلامی حلقہ خواتین  نے طاہر ولاز چورنگی سے عائشہ منزل تک فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے مارچ کیا، جس میں خواتین سمیت بچوں کی ایک بڑی تعداد نے فلسطینی پرچم تھامے اسرائیل کے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے کا عزم کیا، مارچ میں خواتین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ، جس مندرجہ ذیل نعرے درج تھے، اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے، روس  کی طرح اسرائیل پر بھی عالمی پابندیاں لگنی چاہییں، اسرائیل امت مسلمہ کے لیے ایک ناپاک وجود ہے، امریکا کی اسرائیل کی پشت پناہی قابل قبول نہیں ہے، غزہ کے مسلمانوں کا خون بہانے میں امریکا بھی برابر کا شریک ہے۔

 حافظ نعیم الرحمن نے  خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عالم اسلام کے حکمرانوں کی غیرت و حمیت جاگ نہیں رہی۔ اسلامی ممالک کی افواج اور ان کے سربراہان بھی خاموش ہیں۔ نگراں وزیراعظم اور آرمی چیف عالم اسلام کے حکمرانوں کا اجلاس بلائیں جس میں اسرائیل کو دہشت گرد قرار دیا جائے اور کھل کر فلسطینی مسلمانوں کا ساتھ دینے کا اعلان کیا جائے۔

انہوں نے کہاکہ  اگر آج ہم مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی آواز نہیں بنیں گے تو یہ ظلم مزید بڑھے گااور ہمارے ملک اور ہمارے گھروں تک بھی پہنچ سکتا ہے ۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے سڑکوں پر آئیں، مالی امداد کریں، ریلیاں نکالیں اور جو لکھ سکتا ہے وہ اپنے قلم سے اہل فلسطین کا ساتھ دے ۔ جماعت اسلامی کے تحت بچوں کا بھی” فلسطین مارچ ”کیا جائے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں