اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابات پر اثر انداز ہونے کے معاملے پر نگراں وفاقی وزرا کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں نگراں وفاقی وزرا کے خلاف درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی۔
چیف الیکشن کمشنر کے روبرو درخواست گزار نے مؤقف پیش کیا کہ گزشتہ حکومت میں فواد حسن فواد اور احد چیمہ اہم پوسٹوں پر فائز تھے، احد چیمہ کو معاون خصوصی سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا ہے۔
چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ آپ کے پاس کیا شواہد ہیں جس سے ان کی سیاسی وابستگی ثابت ہوسکے؟
جس پر درخواست گزار نے کہا کہ وزیراعظم بھی سیاسی وابستگی رکھتے ہیں اور نگراں مشیر احد چیمہ گزشتہ حکومت میں اہم عہدے پر تھے۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ آپ کی نظرمیں وفاقی وزیر اور مشیر غیرجانبدار رہیں۔ بعدازاں الیکشن کمیشن نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
