لاہور: نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ صدر کے خط کا جواب خط سے دیا جائے گا،صدر مملکت پورے ملک کے صدر ہیں، وہ کسی جماعت کے صدر نہیں ہیں، ہماری ان سے گذارش ہے کہ وہ اپنے آئینی عہدے کی تعظیم کا خیال رکھیں،بہتر ہوگا کہ صدر کسی ایک جماعت کے ترجمان بننے کی بجائے سب کے ترجمان بنیں۔
نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ مہنگی بجلی کا عوام پر بوجھ پڑتا ہے،متبادل توانائی کا ہماری ضرورت میں حصہ بہت کم ہے،ہمیں سورج کی روشنی سے فائدہ اٹھانا چاہئے،توانائی کے متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول پر توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ 8 فروری کو انتخابات ہوں گے،اگلی پارلیمان اور آئندہ حکومتوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ اس پالیسی کو جاری رکھیں اور توانائی کے متبادل ذرائع پر توجہ دیں،متبادل توانائی کے حوالے سے چین دنیا کے اہم ممالک میں شامل ہے،توانائی کے شعبے میں چین نے بھرپور تعاون کیا۔