غزہ: اسرائیلی فوجیوں نےلاؤڈ اسپیکرز پر الشفاء اسپتال کو “اگلے گھنٹے میں” خالی کرنے کی دھمکی دے دی ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق الشفاء ہسپتال – غزہ کا سب سے بڑا – اسرائیل اور حماس جنگ کا مرکز بن گیا ہے، جو اب 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حملوں کے بعد اپنے ساتویں ہفتے میں داخل ہو رہا ہے۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ حماس الشفاء کے نیچے ایک اڈہ چلاتی ہے، اس الزام کو حماس نے مسترد کردیا۔
اقوام متحدہ کے اندازے کے مطابق بدھ کو اسرائیلی فوجیوں کی منتقلی سے قبل 2,300 مریض، عملہ اور بے گھر فلسطینی الشفا میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
غزہ میں حماس کی وزارت صحت نے شدید لڑائی کے دوران ایندھن کی قلت کی وجہ سے بجلی کی بندش کے نتیجے میں درجنوں شہادتوں کا اعلان کیا ہے۔
اسرائیل نے ہسپتال کو جنوب میں خالی کرنے کے لیے بار بار کال کی ہے، تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ مریضوں کو منتقل نہیں کیا جا سکتا۔
ہسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ نے اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے انہیں دھمکی دی ہے کہ وہ “مریضوں، زخمیوں، بے گھر ہونے والوں اور طبی عملے کے انخلاء کو یقینی بنائیں، اور وہ پیدل سمندر کی طرف بڑھیں”۔