غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے 3 دنوں میں 60 اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا اور انہیں نقصان پہنچانے میں کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق حماس کے عسکری ونگ “القسام بریگیڈ” نے 3 دنوں میں 60 اسرائیلی فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ “القسام بریگیڈز” کے افراد نے غزہ کی پٹی کے بیت حانون نامی علاقے میں ایک رہائشی اپارٹمنٹ کو تباہ کر دیا جس میں اسرائیلی اسپیشل فورسز چھپی ہوئی تھی اور اس کے نتیجے میں وہاں موجود تمام افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ “القسام بریگیڈز”جنگجو” 3 روز قبل دو الگ الگ کارروائیوں میں کم از کم 9 اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کرنے میں کامیاب ہو گئے۔
دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا ہے کہ غزہ کے فلسطینی عوام پر جاری اسرائیلی مظالم کا بدلہ لینے کے لیے اسرائیلی فوج کے ٹھکانوں کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس کی وجہ سے اسرائیلی فوج کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔
حزب اللہ نے سرحدی علاقے میں اسرائیلی ٹھکانوں پر راکٹ حملوں کی ویڈیو بھی جاری کی ہے جس میں راکٹ حملوں سے ہونے والی تباہی کو دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی جارحیت 46ویں روز بھی جاری ہے، جنگ کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اسرائیلی فورسز نے شہریوں کے رہائشی علاقوں، پناہ گزینوں کے کیمپوں، اسکولوں، اسپتالوں اور عبادت گاہوں پر اندھا دھند حملے کیے۔
غزہ میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے 20 نومبر تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 13 ہزار 300 تک پہنچ گئی ہے جن میں 5 ہزار 600 بچے اور 3 ہزار 550 خواتین شامل ہیں۔