اسلام آباد: ملک میں گزشتہ ماہ ریکارڈ ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق مہنگائی کی شرح اپریل کے مہینے میں کم ہوکر 17.3 فی صد پر آ گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس مارچ میں ملک میں مہنگائی کی شرح 20.7 فی صد ریکارڈ ہوئی تھی، جس کے بعد اگلے ہی مہینے (اپریل میں) یہ شرح 3.4 فی صد کم ہوئی اور 17.3 فی صد کی سطح پر آ گئی۔
مہنگائی کے حوالے سے جاری اعداد و شمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ ملک کے شہری علاقوں میں اپریل کے مہینے میں مہنگائی کی شرح 0.1 فی صد کم ہوکر 19.4 فی صد پر آ گئی ہے جب کہ اسی دورانیے میں دیہی علاقوں میں مہنگائی کی شرح 0.9 فی صد تنزلی کے ساتھ 14.5 فی صد ہوگئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ برس اسی مہینے (یعنی اپریل) میں ملک میں مہنگائی کی شرح 36.4 فی صد ریکارڈ ہوئی تھی جس کے بعد رواں مالی سال 2023-24 کے ابتدائی 10 مہینوں میں (جولائی 2023ء تا اپریل 2024ء)مہنگائی کی شرح اوسطاً 25.97 فی صد ریکارڈ ہوئی ہے۔

