
ریاض:سعودی حکام نے رواں برس حج کے دوران ڈرون اور فضائی ٹیکسیوں کے استعمال کا فیصلہ کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے اعلان کیا ہے کہ حج 2024ء کے دوران ڈرون اور فضائی ٹیکسیوں کا استعمال شروع کیا جائے گا۔
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز صالح الجاسر نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ امسال حج کے سیزن میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے منصوبے پر عمل کیا جائے گا، اس سلسلے میں ڈرون اور فضائی ٹیکسیوں کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈرون اور فضائی ٹیکسیوں کو رواں حج سیزن میں استعمال کرنے کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی ہے۔ کیوں کہ حج کے دوران بہت بڑی تعداد میں عازمین کی آمد کی وجہ سے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس (نقل و حمل) کا شعبہ بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
سعودی وزیر نے مزید بتایا کہ عازمین حج کی نقل و حمل کے انتظامات کو ترتیب دینے کے لیے پہلے سے طے شدہ جامع حکمت عملی کے مطابق اقدامات ناگزیر ہوتے ہیں، تاکہ عازمین حج کو مقدس سفر اور عبادات کے دوران کسی قسم کی زحمت نہ اٹھانی پڑے۔
