اسلام آباد: حکومت کی جانب سے شناختی کارڈز بنوانے یا تجدید کرنے کی سہولت یو سی کی سطح پر پہنچانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈکوارٹرز کے دورے کے دوران اہم فیصلے کیے ہیں، جس میں انہوں نے ملک بھر میں شناختی اکرڈ بنانے اور تجدید کی سہولت کو یونین کونسل کی سطح پر فراہم کرنے کے لیے منصوبہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو سی کی سطح پر بائیومیٹرک مشینیں لگا دی جائیں گی۔
وزیر داخلہ نے اس حوالے سے منصوبے کو چند روز میں حتمی شکل دیتے ہوئے نظام کی بہتری اور تیز رفتاری کے لیے پلان بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسا منصوبہ تیار کیا جائے، جس سے نادرا مراکز پر آنے والوں کو آسانی ہو اور کام بلا تاخیر ہو۔ انہوں نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سینٹرز میں اضافے کا 7 روز میں پلان طلب کرتے ہوئے کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں مزید سینٹرز بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔

