بیجنگ: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین نے مختصر ترین وقت میں تیز رفتار ترقی کی ہے، جو کہ تقلید کے قابل ہے۔
دورۂ چین کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے پاک چائنا فرینڈشپ اینڈ بزنس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان کی دوستی بے مثال ہے، ہمیں ترقی کے لیے چین سے سبق حاصل کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چین کی پیداواری صلاحیت غیر معمولی ہے اور پوری دنیا کو پتا ہے کہ کتنے کم وقت میں چین نے تیز رفتار ترقی کرکے کامیابیوں کی بلندیوں کو چھوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ ہمیں چین کی جدوجہد سے سبق لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے حکومت سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ یہاں چین میں سینٹرلائزڈ پالننگ سسٹم ہے، یہی وجہ ہے کہ چین نے کم وقت میں جو ترقی کی منزلیں طے کی ہیں، ان تجربات سے پاکستان کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔
پاکستان میں چینی باشندوں پر حملوں پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں کی حفاظت ہم خود سے زیادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چینی مصنوعات دنیا بھر میں طلب کی جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ چین کا سالانہ تجارتی حجم کھربوں ڈالر جب کہ پاکستان کا 30 سے 40 ارب ڈالر کے درمیان ہے۔

