کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے کراچی پولیس چیف ایڈیشنل آئی جی عمران یعقوب منہاس سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، شہر میں ڈاکوراج، مسلح ڈکیتیوں کی بڑھتی ہوئی وارداتوں، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع بالخصوص نوجوانوں کے قتل، محکمہ پولیس کی کارکردگی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکامی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
منعم ظفر خان نے کہاکہ طلبہ،نوجوان،تاجر و صنعت کار کوئی بھی محفوظ نہیں، شہر میں لوٹ مار اور مسلح ڈکیتی کی وارداتوں اور مجرموں کی عدم گرفتاری محکمہ پولیس کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان ہے، اس کے باعث عوام کے اندر بھی عدم تحفظ کا احساس بڑھتا جارہاہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نشانہ بننے والوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کا شامل ہونا مزید تکلیف کا باعث ہے، باصلاحیت اور ذہین نوجوان ملک و قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں اور اپنے گھروں اور خاندانوں کا سہارا بھی لیکن افسوس کہ بے رحم ڈاکو موبائل اور نقدی کے لیے ان کی جان تک لے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان مایوسی کا شکار ہیں، شہر میں پہلے ہی روزگار کے مواقع موجود نہیں ہیں اور نوجوان اپنی قابلیت اور محنت سے روزگار حاصل کرلیتے ہیں وہ جان و مال چھن جائے تو خوف کا شکار رہتے ہیں، اسی طرح تاجر و صنعت کار بھی سخت پریشان ہیں،کاروبار متاثر ہورہے ہیں۔


