اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مصدق ملک نے قومی اسمبلی کو بتایا ہے کہ صوبہ پنجاب اور سندھ کے لیے پانی میں جو 30 فیصد کمی کی گئی تھی اسے بحال کر دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس میں شہلا رضا کے توجہ دلا نوٹس کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ پانی کا معاملہ ارساکی ذمہ داری ہے اور حکومت اس معاملے میں بے اختیار ہے، چاروں صوبوں کے درمیان پانی کی منصفانہ تقسیم کو ارساطے کرتی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اپریل میں ایک اجلاس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ صوبہ پنجاب اور سندھ کے لیے پانی کی فراہمی میں 30 فیصد کمی کی جائے گی کیونکہ بارشیں اس وقت کم ہوئی تھیں تا ہم اب بارشوں سے کچھ صورتحال بہتر ہوئی ہے اور قلت ختم ہو گئی ہے جس کے بعد دونوں صوبوں کو پانی کی مساوی فراہمی بحال کر دی گئی ہے ۔
