English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کردیا، حافظ نعیم الرحمان

لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان  نے کہا کہ عوام کے حقوق کے لیے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کرد یا ہے ، عوام کے حقوق کی آواز کو بلند کریں گے ، مہنگی بجلی عوام دشمن بجٹ کے خلاف ملک گیر مظاہرے کیے جائیں گے ۔

لاہور میں تحریک مزاحمت سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ظالم اشرافیہ سے نجات دلائے گی قوم مایوس نہ ہوں بلکہ ہمارا ساتھ دیں پنجاب کی کٹھ پتلی حکومت نے  حق کی آواز کو دبانے کے لیے انگریزوں کے عطا کردہ قانون کا سہارا لینے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دیا ہے ، حکمراں سن لیں جو کرنا ہے کر لیں لیکن عوام کے حقوق لیکر رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف عرصہ دراز سے لوڈ شیڈنگ خاتمے کے جعلی اعلانات کر رہے ہیں ، لیکن بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہوئی  بلکہ عوام پر جلی بلوں کی صورت میں بجلی  بم گرانا شروع کر دیئے اب ایسا ہر گز نہیں ہونے دیں گے عوام جاگ چکی ہے ،عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے اور ساتھ دیا ہے ۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی بجٹ پر نوراکشتی جاری ہے، روٹھنے منانے کی ڈرامہ بازیوں کو عوام خوب سمجھتے ہیں۔

دوسری جانب، جماعت اسلامی پی پی 169 کے تحت مہنگی بجلی، بجلی کے بلوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھ والے پنکھے احتجاجی طور پر تھام کر حکومت مخالف شدید نعرے بازی کی۔

نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور احمد سلمان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2800 ارب روپے بجلی کے بلوں میں ڈال دیتے ہیں جو بجلی استعمال نہیں ہوتی ہے اور آئی پی پی ایز حکومت کے داماد بن چکے ہیں کچھ کریں یا نا کریں آؤ بھگت پوری ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمران پارٹی اور اس کے اتحادی مل کر عوام پر ظلم کر رہے ہیں یہ اشرافیہ ملک کو اپنی جاگیر سمجھتے ہیں ان کو عوام کے ہر آنسو کا حساب دینا ہو گا اب متحد ہونے کا وقت ہے ، حکمرانوں نے صرف لولی پاپ کے علاوہ کیا دیا ہے اب عوام متحد ہو کر فیصلہ کر لیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ  شہباز شریف وزیراعلیٰ تھے اور لوڈشینڈنگ ہوتی تھی، عوام مینار پاکستان  میں ہاتھ والا پنکھا تھامے نظر آتے تھے، عید پر 12، 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوئی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا لیکن انکو کسی کی پرواہ نہیں عوام گرمی سے بے حال تھے ۔

نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن نے عوام کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے عوام کا مقدمہ ہر چوک پر لڑیں گے۔

مظاہرے میں حافظ احمد عمیر، حافظ رضوان ، فرخ اسلام چوہدری اور اسحاق گجر نے بھی شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے