سیئول: جنوبی کوریا میں لیتھیم بیٹری کے منیو فیکچرنگ پلانٹ میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 20 ملازمین جھلس کر ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد افراد بری طرح زخمی ہیں ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر سیونگ میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں بیٹریاں بنانے والی ایک فیکٹری ایریسیل میں آگ لگ گئی ، آتشزدگی نے پوری کمپنی کو لپیٹ میں لے لیا ۔
فیکٹری حکام کا کہنا تھا کہ آگ ابتدائی طور پر فیکٹری کے گودام میں لگی جہاں نئی بیٹریاں رکھیں ہوئی تھیں ، لیکن آگ کیسے لگی یہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکا ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ آگ گودام کے اندر بیٹری سیلز کے پھٹنے سے لگی۔ اس گوادم میں تقریباً 35 ہزار بیٹریاں رکھی ہوئی تھیں۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے 4 گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ امدادی کاموں کے دوران جلی ہوئی فیکٹری کے ملبے سے 20 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
ریسکیوحکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انکی صحت کی بہتری کے لیے دیکھ بھال جاری ہے ۔
اسپتال حکام کا کہنا تھا کہ ایک درجن کے قریب زخمی ملازمین کو لایا گیا جن میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر ہے۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

