English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قومی اسمبلی میں 8780 ارب روپے سے زائد کے 121 مطالباتِ زر منظور کرلیے گئے

entering the National Assembly

اسلام آباد:قومی اسمبلی  میں 8780 ارب روپے سے زائد کے  121 مطالباتِ زر منظور کرلیے گئے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی میں بجٹ کی شق وار منظوری کا عمل جاری ہے اور بدھ کے روز ایوان میں مختلف وزارتوں اور ڈویژنوں کے مطالبات زر کی منظوری دے دی گئی، جس کے بعد اب تک 8780 ارب روپے سے زائد مالیت کے 121مطالباتِ زر منظور کرلیے گئے۔

علاوہ ازیں کابینہ ، توانائی اور خزانہ ڈویژنوں کے18 مطالبات زر اپوزیشن کی 216 کٹوتی کی تحاریک کوووٹنگ کے ذریعے مسترد کر دیا گیا۔

قومی اسمبلی اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن کی جانب سے جن وزارتوں اور ڈویژنوں پر کٹوتی کی تحاریک نہیں دی گئیں ان کے مطالباتِ زر کومنظور کیا گیا جس پر قومی اسمبلی نے 6165 ارب روپے سے زائد کے 103 مطالبات زر کٹوتی کی تحاریک کے بغیر منظور کر لیے۔

وزارت دفاع کے 2149 ارب 82 کروڑ روپے، انٹیلی جنس بیورو کے لیے 18 ارب 32 کروڑ روپے، دفاعی پیداوار ڈویژن کے 4 ارب 87 کروڑ، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام 598 ارب 71 کروڑ روپے، آبی وسائل ڈویژن کے 263 ارب 48 کروڑ روپے، اقتصادی امور ڈویژن کے 30 ارب 68 کروڑ روپے، وفاقی تعلیم ڈویژن کے 198 ارب 55 کروڑ 26 لاکھ روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کیے گئے۔

وزارت قومی صحت کے 54 ارب 86 کروڑ روپے، ریلوے ڈویژن کے 109 ارب 43 کروڑ روپے، اسلام آباد کی ضلعی عدالتوں کے لیے ایک ارب 36 کروڑ روپے، ہوا بازی ڈویژن کے 26 ارب 17 کروڑ، موسمیاتی تبدیلی کے 7 ارب 26 کروڑ سے زائد کے مطالبات زر منظور کیے گئے۔ وزارت تجارت کے 22 ارب 73 کروڑ، مواصلات ڈویژن کے 65 ارب 31 کروڑ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈویژن کے 69 ارب 5 کروڑ، ہاوٴسنگ و تعمیرات ڈویژن کے 36 ارب 74 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کیے گئے۔

اطلاعات و نشریات ڈویژن کے 17 ارب 91 کروڑ، بحری امور ڈویژن کے 7 ارب 45 کروڑ، انسداد منشیات ڈویژن کیلئے 7 ارب 77 کروڑ، منصوبہ بندی اور ترقی ڈویژن کے 73 ارب 45 کروڑ روپے سے زائد کے مطالبات زر منظور کیے گئے۔

کٹوتی کی تحاریک کے بغیر وزارتوں اور ڈویژنوں کے مطالبات زر کی منظوری کے بعد تین وزارتوں اور ڈویڑنز کے مطالبات پر اپوزیشن کی 216 کٹوتی کی تحاریک پر ایوان میں ووٹنگ کروائی گئی۔

قومی اسمبلی نے کابینہ، اسٹیبلشمنٹ، قومی سلامتی ڈویژن کے مطالبات زر پر اپوزیشن کی 60 کٹوتی کی تحاریک کو مسترد کرتے ہوئے 41 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد کے 12 مطالبات زر منظور کرلئے جبکہ توانائی ڈویژن کے مطالبات زر پر اپوزشین کی 97کٹوتی کی تحریک کو مسترد کر کے 701 ارب 5 کروڑ 87 لاکھ روپے سے زائد کے دو مطالبات زر کی منظوری دی۔

خزانہ ڈویژن کے مطالبات زر پر اپوزیشن کی جانب سے پیش کردہ 59 کٹوتی کی تحریک مسترد کرتے ہوئے 1872 ارب روپے سے زائد کے چار مطالبات زر منظور کرلیے جب کہ خارجہ، داخلہ، قانون و انصاف اور غذائی تحفظ ڈویژنوں کے 12 مطالبات زر پر کٹوتی کی تحاریک کل پیش کی جائیں گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے