میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ کے حکم پر عوامی مقامات پر بیت الخلاء کی مرمت دیکھ بھال اور نگرانی کے لیے تشکیل دی گئی ڈویژنل کمیٹی کا پہلا اجلاس کمیٹی کے سربراہ و ڈویژنل کمشنر فیصل احمد عقیلی کی سربراہی میں کمشنر کمیٹی ہال میں منعقد ہوا جس میں میئر عبدالرؤف غوری، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر رشید مسعود خان، ایڈیشنل کمشنر ون ڈاکٹر علی نواز بھوت، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ عبدالناصر صدیقی، مونسپل کمشنر رفیق احمد سیہڑ، ٹاؤن کمیٹی کے چیئرمینوں، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سماجی بہبود اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ نوید الرحمان لاڑک اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ عوامی مقامات پر عوام بالخصوص خواتین کے لیے بیت الخلاء تعمیر کرنے کے لیے نشاندہی کی جائے اور ان کی دیکھ بھال نگرانی اور دیگر مطلوبہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مقامی تاجروں اور سماجی تنظیموں سے مدد لی جائے۔ اس ضمن میں کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جس میں لوکل گورنمنٹ ٹاؤن کمیٹی کے نمائندوں، محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے گا جو بیت الخلاء تعمیرکرنے کے لیے عوامی مقامات کی نشاندہی کریں گی۔
