میرپورخاص(نمائندہ جسارت) ضلع انتظامیہ نے روٹی، نان اور چپاتی کے نئے نرخ تو مقرر کر دیئے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کروایا جا رہا ہے جبکہ ڈبل روٹی، بند سمیت بیکری کے کسی آئٹمز میں کسی قسم کی کمی نہیں کی گئی ہے، جس پر شہریوں نے شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق آٹے اور معدے کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود روٹی، نان، چپاتی، ڈبل روٹی، پاپے اور بند سمیت بیکری کے دیگر آئٹمزکی قیمتوں میں کسی قسم کی کمی کرنے کے بجائے اس میں مسلسل اضافہ کیا جا رہا تھا جس پر شہریوں کی جانب سے قیمتوں میں کمی کرنے کا مسلسل مطالبہ کیا جا رہا تھا آخر کار انتظامیہ جاگ گئی اور ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے سندھ اشیا ضروریہ پرائز کنٹرول پروفیڈنگ اینڈ ہارڈنگ ایکٹ 2005 و کنٹرولر جنرل پرائز اینڈ سپلائی کے تحت ضلع بھر میں نان اور چپاتی کے نرخ مقرر کر دیے ہیں۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تندوری نان 180 گرام کی قیمت 25 روپے، تندوری نان 150 گرام 20 روپے، تندوری نان 120 گرام 15 روپے اور چپاتی کے نرخ 10 روپے مقرر کئے ہیں ڈپٹی کمشنر نے ہوٹل مالکان اور نان بائیوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ مقررہ نرخ پر نان اور چپاتی فروخت کریں اور نرخنامہ نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں شکایت کی صورت میں ڈپٹی کمشنر آفس کنٹرول روم کے فون نمبر 0233920070 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ نان بائیوں اور ہوٹل مالکان نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقرر کردہ نرخ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے ہیں اور وہ من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
